بنگلورو،یکم فروری(ایس اونیوز) شہر کے شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے اور نئے منصوبوں کی شروعات کے سلسلے میں آج برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی ٹیکس اینڈ فانائنس کمیٹی کے چیرمین ایم کے گنا شیکھر نے شیواجی نگر وارڈ کے کانگریس لیڈر اشتیاق احمد کے ہمراہ وارڈ کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور یہاں تقریباً 15کروڑ روپیوں کی لاگت سے نئے ترقیاتی کاموں کی شروعات کیلئے اقدامات کئے۔ وزیر شہری ترقیات وحج ومقامی رکن اسمبلی جناب روشن بیگ کی سرپرستی میں ان تمام کاموں کو تیزی سے مکمل کروایا جائے گا۔ ان کاموں میں شیواجی نگر میں آنے والے بی بی ایم پی ڈسپنسری کی جگہ پر ایک کل وقتی زچہ خانہ قائم کرنے کیلئے گنا شیکھر نے اس ڈسپنسری کا سب سے پہلے معائنہ کیا۔ بعد میں انہوں نے حفیظیہ اسکول کے احاطہ کا جائزہ لیا۔ اس اسکول کی تجدید ومرمت کے منصوبے کی بہت جلد شروعات کا انہوں نے اعلان کیا۔ اس کے علاوہ شیواجی نگر میں آنے والی تمل اسکول کی عمارت جو تقریباً ایک ایکڑ زمین پر محیط ہے۔ اس اسکول میں صرف چھ تا آٹھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ اس اسکول کے ساتھ یہاں دیگر ہمہ مقصدی سہولیات کیلئے عمارت تعمیر کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ بہت جلد اس کا کام بھی شروع کروایا جائے گا۔ براڈوے روڈ پر موجود بی بی ایم پی رابطہ مرکز کی جگہ پر ایک ملٹی پرپز بلڈنگ کی تعمیر کے منصوبے کو بھی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ معائنہ کے بعد اشتیاق احمد نے بتایاکہ یہ طے کیاگیا کہ حفیظیہ اسکول اور اس کے میدان کی بڑے پیمانے پر تجدید ومرمت کے منصوبے کو آگے بڑھایا جائے۔اس کے علاوہ یہاں موجود بی بی ایم پی ہیلتھ سنٹر کی جگہ پر ایک سوپر اسپیشالٹی میٹرنٹی اسپتال کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسی سے متصل سلاٹر ہاؤز روڈ میں درج فہرست ذاتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کیلئے مکانات کی تعمیر کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نہرو پورم علاقے میں لوگوں کی طبی ضروریات کی تکمیل کیلئے ایک ہیلتھ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شیواجی نگر کے قلب میں واقع بیف مارکیٹ اور پٹ مارکٹ کی بڑے پیمانے پر تجدید ومرمت کرنے کا منصوبہ بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ براڈوے روڈ پر واقع اولڈ لائبریری کی عمارت کی بڑے پیمانے پر تجدید ومرمت کی جائے گی۔ براڈ وے روڈ پر ہی موجودہ بی بی ایم پی رابطہ دفتر کی جگہ ایک کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر کی جائے گی۔ شیواجی نگر وارڈ میں فی الوقت ایک پارک موجود ہے، معائنہ کے دوران مزید پارکوں کی ضرورت محسوس کی گئی اور طے کیاگیا کہ ایک اور پارک قائم کرنے کیلئے جلد جگہ کی نشاندہی کرکے اس کام کو مکمل کیا جائے ۔ آج کے معائنہ کے دوران 15تا20 کروڑ روپیوں کی لاگت پر منصوبوں کو آگے بڑھانے کے فیصلے کے ساتھ شیواجی نگر علاقہ میں سڑکوں کے سدھار ، ڈرینج اور پانی کے مسئلے کی یکسوئی پر خصوصی توجہ دینے اور مناسب فنڈز جاری کرنے کا بھی گنا شیکھر نے یقین دلایا۔